سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک آج جمعرات کو ایک نئی اینڈرائڈ پراڈکٹ متعارف کروا رہی ہے جس کی مدد سے موبائل فون کے ذریعے فیس بک اکاؤنٹ تک رسائی اب پہلے سے بھی زیادہ بہتر اور آسان ہو جائے گی۔
اس وقت دنیا بھر 1.06بلین افراد سماجی رابطے کے لیے فیس بک کا استعمال کرتے ہیں۔ ان میں ایسے صارفین کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے جو اپنے اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹ کمپیوٹرز کی مدد سے اپنے فیس بک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔
موبائل ایڈورٹائزنگ ایک تیزی سے ترقی پاتی ہوئی اشتہاری مارکیٹ ہے۔ جس کو متعارف کرانے کی بڑی وجہ فیس بک اور ٹوئٹر ہیں۔ جو خود بھی سن 2012ء سے مارکیٹنگ کی اس دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔ انٹرنیٹ مارکیٹنگ سے وابستہ ماہرین کا خیال ہے کہ اس سال موبائل اشتہارات کی مد میں خرچ کی جانے والی رقم گزشتہ سال کے 4.11 بلین ڈالر کے مقابلے میں 77فیصد اضافے کے ساتھ 7.29 بلین ڈالر ہوجائے گی۔
اگرچہ فیس بک شیئرز میں سرمایہ کرنے والوں کے ذہنوں میں موبائل مارکیٹنگ کے حوالے سے کافی خدشات پائے جاتے ہیں لیکن گزشتہ برس فیس بک کی جانب سے اس میدان میں اترنے کے اعلان کے بعد سے ان کے ان تحفظات میں واضح کمی واقع ہوئی۔