موبائل فون کا زیادہ استعمال نوجوانوں کی صحت کے لیے خطرہ

موبائل فون کا زیادہ استعمال نوجوانوں کی صحت کے لیے خطرہ فائل فوٹو موبائل فون کا زیادہ استعمال نوجوانوں کی صحت کے لیے خطرہ

چین میں موبائل فون کے طویل اور غیر مناسب استعمال نے ایک نوجوان کو زندگی کے سنگین مرحلے تک پہنچا دیا۔ فوجیان صوبے سے تعلق رکھنے والا 19 سالہ یونیورسٹی طالب علم ژیاؤ ڈونگ مسلسل موبائل اسکرین پر جھکے رہنے کی وجہ سے فالج کا شکار ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کی گردن میں خون کی نالیوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی اور ریڑھ کی رگ کے بالائی حصے میں خون جم گیا، جس کے نتیجے میں وہ اچانک فالج کا شکار ہو گیا۔ ماہرین نے اس کیفیت کو “ٹیکسٹ نیک” قرار دیا ہے، جو موبائل فون کے ضرورت سے زیادہ استعمال اور گردن کو مسلسل جھکائے رکھنے سے پیدا ہونے والی ایک خطرناک حالت ہے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ غیر مناسب انداز میں طویل وقت تک موبائل یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے سے گردن پر دباؤ بڑھتا ہے، جس سے خون کی روانی متاثر ہوسکتی ہے اور سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ ژیاؤ ڈونگ کے کیس میں خوش قسمتی سے بروقت سرجری کے ذریعے خون کے جمے ہوئے ٹکڑے کو نکال دیا گیا ہے، اور نوجوان اب بحالی کے عمل سے گزر رہا ہے۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ واقعہ نوجوان نسل کے لیے ایک بڑا سبق ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل موبائل استعمال کے دوران وقفہ لینا، گردن اور کمر کو سیدھا رکھنا صحت مند عادات میں شمار ہوتا ہے۔ بصورت دیگر اس کے اثرات مستقل درد، اعصابی دباؤ اور حتیٰ کہ فالج کی صورت میں بھی ظاہر ہو سکتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store