ٹی ٹونٹی سیمی فائنل، سری لنکا نے پاکستان کو 16 رنز سے شکست دیدی

پاکستانی بلے بازوں نے ایک مرتبہ پھر بولرز کی محنت پر پانی پھیرتے آسان ہدف کو مشکل بنا دیا۔ سری لنکا نے ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پاکستان کو 16 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

پاکستانی ٹیم مسلسل دوسری مرتبہ سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہوئی ہے۔

کولمبو کے آرپریما داسا اسٹیڈیم میں پاکستانی بولرز نے حسب روایات اپنی عمدہ بولنگ سے سری لنکن بلے بازوں کو بڑا اسکور نہیں بنانے دیا۔ میزبان ٹیم نے بیس اوورز میں ایک سو انتالیس رنز بنائے۔ پاکستانی بلے بازوں نے بیٹنگ شروع کی تو انہوں نے آسان ہدف کو مشکل بنا دیا۔ چھ بلے باز مل کر بھی ایک سو چالیس رنز نہیں بنا سکے۔ عمران نذیر اور محمد حفیظ نے اکتیس رنز کی شراکت قائم کی لیکن عمران نذیر کے جانے کے بعد پاکستانی مڈل آرڈر کی کمر ٹوٹ گئی۔ ناصر جمشید چار، کامران اکمل ایک اور شعیب ملک چھ رنز بنا کر چلتے بنے۔ کرکٹ شائقین کی سب سے بڑی امید آفریدی نے پورے ورلڈ کپ کی طرح سیمی فائنل میں بھی شائقین کرکٹ کی امیدوں کا خون کیا اور پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پانچ میچ میں تیس رنز بنانے والے آفریدی کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستان کی فتح کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ عمر اکمل نے نیا کو پار لگانے کی کوشش کی لیکن آخری اوور میں تیئیس رنز ان کی توقعات سے بہت زیادہ تھے۔ پاکستان نے بیس اوورز میں سات وکٹ کے نقصان پرایک سو تیئیس رنز بنائے۔

install suchtv android app on google app store