پاکستان کے جیولین تھرور ارشد ندیم آج ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ کے فائنل میں ایکشن میں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق کھیل کے میدان میں ایک اور پاک بھارت ٹاکرا اب سے کچھ دیر بعد ہوگا، کرکٹ کے بعد جیولین تھرو میں پاکستان اور بھارت کے ایتھلیٹ آمنے سامنے ہوں گے۔
ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا آج ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں مدمقابل ہوں گے، ٹوکیو میں جاری چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد نے پچاسی اعشاریہ دو آٹھ کی تھرو کر کے فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی۔
ٹوکیو میں جاری چیمپئن شپ کا فائنل راؤنڈ دوپہر 3:23 منٹ پر شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ بدھ کو مقابلوں میں ارشد ندیم کا آغاز اچھا نہ ہوا، انہوں نے پہلی باری میں 76.99 میٹر کی تھرو کی، ان کی دوسری تھرو بھی غیر متاثر کن رہی، وہ صرف 74.17 میٹر تھرو کرسکے۔
تاہم تیسری باری میں بھرپور فارم میں دکھائی دیے اور85.28 میٹر کے ساتھ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
فائنل میں براہ راست کوالیفائی کرنے کیلئے کم از کم 84.50 میٹر کی تھرو درکار تھی جو ارشد نے تیسری باری میں حاصل کرلی۔
بھارتی تھروور نیرج چوپڑا 84.85 میٹر کی تھرو کرسکے اور ارشد ندیم سے ایک پوزیشن نیچے رہے، مجموعی طور پر 12 کھلاڑیوں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔