شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ اور پُرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ لانڈھی میں کرائم برانچ نے کاروائی کرکےدو ٹارگٹ کلرزکو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھیٍ برآمد کر لیا۔
کھوکھرا پار میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوا دم توڑ گیا،منگھو پیر میں نامعلوم افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے ایک اہلکار ریاض حسین جاں بحق جبکہ اے ایس آئی ممتاز زخمی ہوگیا۔ اُدھر بولٹن مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ اورنگی ٹائون اور گلشن معمار میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دوزخمی ہوگئے۔ اسی طرح ناظم آباد میں تئیس سالہ نوجوان کی تشدد زدہ بوری بند لاش ملی ہے جس کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرنے کے بعد قتل کیا، مقتول کی شناخت نہ ہوسکی، یوسف گوٹھ سرجانی میں نامعلوم افراد نے گھر کے قریب کھڑے نوجوان عادل کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ گذشتہ رات فائرنگ سے زخمی ہونے والا شعیب اسپتال میں دم توڑ گیا۔ ملیر کھوکھراپار میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ دوسری جانب لانڈھی کرائم برانچ نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے دو ملزمان کو گرفتار کرلی، ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے ۔ یوسف گوٹھ اور ناظم آباد میں رینجرز نے کار روائی کرکے تین افراد کو حراست میں لےکر اسلحہ برآمد کر لیا۔ جبکہ پولیس نے مویشی منڈی میں لوٹ مار کرنے والے ہیڈکانسٹیبل سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ۔ ہیڈ کانسٹیبل قمر الدین ون فائیو پر تعینات تھا