کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے تازہ واقعات میں سیاسی اور مذہبی جماعت کے کارکن سمیت 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
کراچی کے علاقے منگھوپیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا نوجوان عباسی شہید ہسپتال میں دم توڑ گیا، اُدھر کورنگی نمبر چھ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ اسی طرح کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مذہبی جماعت کے تین کارکن جاں بحق ہوگئے، واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ بھی کی۔ اُدھر کلفٹن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی کلثوم چانڈیو زخمی ہوگئی جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بلدیہ ساڑھے پانچ میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے سعد نامی شخص جاں بحق اور نصرت، فاروق اور محمود زخمی ہوگئے۔ کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیاسی جماعت کا کارکن ولی خان جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے کچھ بعد کورنگی ناصر جمپ کے پاس گھر سے گولی لگی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت یوسف کے نام سے ہوئی،ادھر گذشتہ روز اورنگی ٹاون میں زخمی ہونے والا سیاسی جماعت کا کارکن یونس بھی اسپتال میں دم توڑ گیا،جبکہ قصبہ کالونی اور پرانی سبزی منڈی میں فائرنگ سے اکر م اور ایک نامعلوم شخص زخمی ہوگیا۔