کراچی میں کیماڑی کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، گزشتہ روز سے اب تک فائرنگ اورپُرتشدد واقعات میں پولیس اہلکاراور کے ایم سی کے انسپکٹرسمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔ سی آئی ڈی پولیس نے ڈاکٹروں ، وکلاء سمیت بتیس افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کے رہنما کو گرفتار کرلیا
کراچی کےعلاقے کیماڑی کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ فیڈرل بی ایریامیں فائرنگ سے پولیس اہلکارمحرم علی جاں بحق اورحاجی ارشاد زخمی ہوگیا۔ عباسی شہید اسپتال کے مردہ خانے میں علی رضا کی لاش لائی گئی ہے جسے قصبہ کالونی ڈھائی نمبر میں دہشت گردوں نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنی اسپیئر پارٹس کی دکان پر بیٹھا تھا۔ پرانی سبزی منڈی کے قریب جھاڑیوں سے تشدد زدہ لاش ملی۔ مقتول کی شناخت بہادر کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے کالعدم تنظیم کا امیرحافظ قاسم رشید عرف گنجا کی گرفتاری ظاہر کردی۔ سی آئی ڈی پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ ڈاکٹروں اور وکلاء سمیت بتیس سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔ لیکن گرفتار ملزم حافظ قاسم رشید کہتا ہے کہ اسے یاد نہیں کہ اس نے کتنے افراد مارے ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ قاسم اور اس کے ساتھیوں نے میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سیاسی رہنماوں، پولیس افسران اور جیل پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی