سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل میہڑ سے آنے والا سیلابی ریلا آج لاڑکانہ کے سیہون بچاؤ بند سے ٹکرائے گا، جس کے باعث متاثرہ علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے۔ دادو مورو پل پر پانی کی سطح مزید بلند ہوگئی ہے، جس سے میہڑ اور دادو تحصیل کے کچے کے علاقے زیرِ آب آگئے۔
نئوں گوٹھ کے زمیں داری بند میں شگاف پڑنے کے بعد مزید چار دیہات ڈوب گئے جبکہ کپاس، تل اور دیگر فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
سیلاب سے متاثرہ دیہات کی تعداد بڑھ کر 46 ہوگئی ہے اور کئی علاقوں کا دادو اور میہڑ سے زمینی رابطہ کٹ گیا ہے۔
دریائے سندھ میں سکھر بیراج پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانی کے بہاؤ میں 24 ہزار کیوسک کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔
حکام نے آئندہ 24 گھنٹوں میں سکھر بیراج پر پانی کے بہاؤ میں مزید کمی کا امکان ظاہر کردیا، حکام کے مطابق سیلابی ریلا پیر منگل تک کوٹری بیراج پہنچے گا۔