کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں واقع رینجرز سچل ونگ کے ہیڈکوارٹر پر خودکش حملہ کے نتیجے میں چار اہلکار جاں بحق جبکہ اکیس زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے صبح چھ بج کر پچپن منٹ پر بارود سے بھرا منی ٹرک رینجرز سچل ونگ کی عمارت کے گیٹ سے ٹکرا دیا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔دھماکے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ دھماکے سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے سے عمارت میں آگ لگ گئی اور اس کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور جائے وقوعہ پر لوگوں کی آمدو رفت مکمل طور پر بند کر دی۔ سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں دو زخمی اہلکار دم توڑ گئے۔ ۔ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق دھماکے میں سو کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔صدر نے غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔صدر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔