صدرآصف علی زرداری نے کراچی میں امن وامان کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بھتہ خوروں کے ٹھکانوں پر کارروائی کی ہدایت کردی۔ صدرزرداری کا کہنا ہے کہ موبائل فون سمز دکانوں پر فروخت نہ کی جائیں بلکہ گھروں پر بھیجی جائیں، شہرکواسلحے سے پاک کرنے کیلئے سمارٹ کارڈ لائسنس جاری کئے جائیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں امن وامان سے متعلق اجلاس میں صدر آصف علی زرداری نے سوال کیا کہ پولیس ٹارگٹ کلنگ روکنے میں کیوں ناکام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو افسران جرائم روکنے میں ناکام ہیں انہیں تبدیل کردیا جائے۔ صدر نے تاجروں کے اغوا اور بھتہ خوروں کے خلاف مربوط کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بھتہ خوروں کی آماجگاہوں میں آپریشن کئے جائیں۔ صدرزرداری نے کہا کہ شرپسند عناصر امن وامان خراب کرکے معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو جرائم پیشہ عناصر کیخلاف متحد ہونا ہوگا۔ صدرزرداری نے اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لئے کیمونٹی پولسنگ کو فروغ دینے کی بھی ہدایت کی-