خیرپور میں ایم این اے ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے جلسے پر فائرنگ کرنے والا نامزد ملزم عزیزاللہ جانوری سکھر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا ہے۔
خیرپور میں جلسے پر فائرنگ کرنے والا ملزم عزیز اللہ جانوری پولیس کی گولیوں کا نشانہ بن گیا۔ گذشتہ شب سکھر کے باگڑجی تھانے پر اچانک مسلح افراد نے حملہ کرکے وہاں موجود دو پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا، اور ایم این اے نفیسہ شاہ کے جلسے پر فائرنگ کرنے والے اہم ملزم عزیز اللہ جانوری کو ساتھ لے جانے کی کوشش کی، جس پر دوسرے تھانے کے پولیس اہلکاروں نے ملزمان پر فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ملزم عزیز اللہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ یاد رہے کہ ملزم کو خیرپور پولیس نے کچھ عرصہ قبل گرفتار کرکے سکھر تھانے منتقل کیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے بیٹے اور اس کے دیگر ساتھیوں کے خلاف تھانے پر حملہ کرنے کا مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔