منظور وٹو کی تخت لاہور کو للکار

میاں منظور وٹو نے پیپلز پارٹی پنجاب کی صدارت سنبھالنے کے بعد مسلم لیگ ن کے گڑھ لاہور میں عوامی طاقت کا پہلا مظاہرہ کیا ۔ناصر باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں منظور وٹو نے کہا کہ وہ پنجاب کو پیپلز پارٹی کا قلعہ بنا دیں گے

اور ناراض کارکنوں کو گھر جا کر منائیں گے. ناصر باغ لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے منظور وٹو نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جتنا فنڈ لاہور کی ایک سڑک پر لگا دیا اُتنے فنڈ میں پنجاب کی سڑکیں بن سکتی تھیں۔ سیاسی میدان میں تخت لاہور کو دو مرتبہ شکست دی، نون لیگ کے ساتھ کوئی سیاسی جماعت چلنے کو تیار نہیں، اگلے الیکشن میں پیپلزپارٹی ہی پنجاب سے کامیاب ہوگی۔ منظور وٹو نے کہا کہ مفاہمتی پالیسی پیپلزپارٹی کی اعلیٰ ظرفی کا نتیجہ ہے، ناراض پارٹی کارکنوں کو منانے اُن کے گھروں تک جائوں گا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ نون لیگ اور تحریک انصاف کو بتا دیں گے کہ پنجاب پیپلزپارٹی کا ہے، کارکن انتخابات کی تیاری کریں، ہمارا جینا اور مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ اس موقع پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صدر زرداری نے پنجاب کے عوام کے سامنے تُرب کا پتہ رکھ دیا ہے، پنجاب میں اب دوغلی سیاست نہیں چل سکتی، اصغر خان کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نون لیگ کو سیاست سے علیحدہ ہوجانا چاہئے.

install suchtv android app on google app store