ایم ایم اے میں شامل ہونے کا فیصلہ نہیں کیا، سید منور حسن

امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے متحدہ مجلس عمل میں شامل ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صاحبزادہ ابوالخیر زبیر ان کے پاس مولانا فضل الرحمان کے بیان کے ساتھ اظہار لاتعلقی کے لئے آئے تھے۔

منصورہ میں جماعت اسلامی کے صوبائی امراء کی تقریب حلف برداری کے موقع پر سید منور حسن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ایم ایم اے میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو پی کے رہنما وضاحت کرنے آئے تھے کہ مولانا فضل الرحمان کے جماعت اسلامی کو ایم ایم اے میں شامل کرنے کے فیصلے سے متعلق باقی چار جماعتوں کا کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے انتخابات سے تین ماہ پہلے فاٹا اور بلوچستان میں فوجی آپریشن بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف سے کہا کہ وہ جائزہ لیں کہ فوجی آپریشن سے کیا حاصل ہوا۔ منور حسن نے زور دیا کہ حکومت طالبان کے لئے عام معافی کا اعلان اور ان سے مذاکرات کرے۔

install suchtv android app on google app store