پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف ننکانہ صاحب کے قصبے سانگلہ ہل پہنچ گئے،جہاں انہوں نے عید کے روز شالیمار ایکسپریس کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کےپانچ بچوں کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف ہیلی کاپٹر پر گاوٴں مہیس جنوبی گئے۔ وہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والے پانچ بچوں کے والدین سے ملے اور ان سے دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بچوں کے والدین کو پانچ،پانچ لاکھ روپے کے امدادی چیک دیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ وزیراعظم سے اپیل کریں گے کہ بغیر پھاٹک کراسنگز پر پھاٹک تعمیر کئے جائیں۔ انہوں نے بچوں کے والد اکرم کو ٹی ایم اے میں ملازمت دینے کا اعلان بھی کیا۔ واضح رہے کہ عید کے دن اٹھارہ سالہ ثقلین موٹر سائیکل پر اپنے بھائی بارہ سالہ حسنین، آٹھ سالہ علی اور کزن گیارہ سالہ اقصیٰ اور سات سالہ فضہ کے ساتھ جا رہا تھا، گاوٴں کے قریب بغیر پھاٹک کے ریلوے کراسنگ پر پانچوں بچے لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس کی زد میں آگئے اورموقع پر ہی جاں بحق ہو گئےتھے۔