ڈیرہ اسماعیل خان میں کمشنری بازار میں دھماکے سے سات افراد جاں بحق اور ستر سے زائد زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والوں میں تین ایف سی اہلکار اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، دھماکا خیز مواد سائیکل کی دکان میں نصب کیا گیا تھا جو بند تھی۔ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداے کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ادھر وزیر داخلہ رحمان ملک نے ڈیرہ اسماعیل خان دھماکے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے دکان کے مالک کو گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراطلاعات خیبرپختونخوا میاں افتخار حسین کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی کے مکمل انتظامات کیے گئے تھے جبکہ بازار، دکانیں اور موبائل سروسز بند ہیں۔ واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ روز بھی بنوں چونگی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں نو افراد جاں بحق جبکہ بیس افراد زخمی ہوگئے تھے۔