بھارتی جنگی جنون بھارت کا پاگل پن بنتا جا رہا ہے،انڈین فوج کی جانب سے مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے،بٹل سیکٹر میں بھارتی فورسز کی گولہ باری سے ایک شہری شہید جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔
بھارتی فوج نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھی کوٹلی آزا د کشمیر کے مختلف سیکٹروں پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولا باری کی، اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ڈاکٹر اعظم کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ منگل کی رات نوبجے شروع ہوا۔
کھوئی رٹہ اور نکیال سیکٹرز میں چھوٹے ہتھیاروں جبکہ گوئی سیکٹر میں بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور لوگ گھروں میں محصور ہوگئے، بدھ کی رات کو بھارتی فوج نے بٹل سیکٹر کے علاقوں منڈول، ککوٹہ،تیتری نوٹ اور ڈونگہ گھمیر پر شدید فائرنگ اور گولا باری کی، پونچھ اورراولاکوٹ سیکٹرمیں بھی بھارتی فوجی نے فائرنگ کی جس سے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولا باری کے بعد جوابی کارروائی کی گئی، ایس ایچ او ہجیرہ اکمل شریف کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، ذرائع کے مطابق بٹل سیکٹر پر اب بھی وقفے وقفے سے فائرنگ اور روشنی گولے فائر کرنے کے بعد بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ جارہی ہے۔