وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر سیاسی، سماجی، سرکاری افسروں اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر سردار غلام صادق خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اور قیادت نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے عالمی سطح پر اپنے موقف کو کشمیری قوام کی خواہش کے مطابق پیش کرکے سفارت کاری کی بہترین مثال پیش کی۔ صدر پاکستان آصف علی نے پوری قوم کا موقف پیش کرتے ہوئے عالمی طاقتوں کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرکے کشمیریوں کے دل جیت لئے۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر سیاسی، سماجی، سرکاری افسروں اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزاد خطہ میں بھی تعمیر و ترقی کے لئے فنڈز مہیا کئے اورتعلیمی میدان میں میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں قائم کرکے خوشحالی کی بنیادیں رکھ دی ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہاکہ تمام مسائل کا حل جمہوریت کی مضبوطی میں ہے۔ پیپلز پارٹی نے نظام کی مضبوطی کیلئے کارکنوں کے ساتھ ساتھ اپنے عالمی شہرت کے رہنمائوں کی بھی قربانی دی۔ سردار صادق نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں اپوزیشن جیت کے خواب ضرور دیکھے مگر تاریخ نے ثابت کیا کہ عوام کی عدالت کا فیصلہ ہمیشہ پیپلز پارٹی کے حق میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک تحریک اور جہد مسلسل کا نام ہے جو ہر طوفان اور سازشی قوتوں کا مقابلہ کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بے نظیر بھٹو شہید کا فلسفہ طاغوتی طاقتوں اور جمہوریت دشمن قوتوں کیلئے ایک چیلنج ہے۔ پیپلز پارٹی اپنی قائد کے فلسفہ پر عمل کرکے تحریک آزادی کشمیراور ملک کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہیگی