ان خیالات کا اظہار قائمقام صدر آزاد کشمیر سردار غلام صادق خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں گستاخانہ فلم اور کشمیر ایشو پر ٹھوس موقف اختیار کر کے دنیا بھر کے مسلمانوںاور کشمیریوں کے حقوق کی ترجمانی کی ہے۔ نبی کریمۖ کی گستاخی کو مجرمانہ فعل قرار دینے اور عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر حل کروانے کے لئے ان کا دو ٹوک موقف قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار قائمقام صدر آزاد کشمیر سردار غلام صادق خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جن جذبات اور خیالات کا اظہار کیاوہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات تھے جن کی ترجمان کی گئی۔ صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان نے یوم عشق رسولۖ منا کر اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کر کے امت مسلمہ کی ترجمانی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ساٹھ سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے کسی صدر نے مسئلہ کشمیر کی ناکامی کو اقوام متحدہ کی ناکامی قرار دے کر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی اور مسئلہ کشمیر میں سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسی طرح پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار یوم عشق رسول سرکاری سطح پر منایا یا یہ پاکستان پیپلز پارٹی اور بالخصوص صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کا بڑا کارنامہ ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے صدر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مظلوم و محکوم کشمیریوں کی حمایت اسی طرح جاری رکھیں گے جس طرح شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے حمایت کی تھی اور آج یہی وجہ ہے کہ آزادکشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ گستاخ رسولۖ کو سزا دی جائے اور عالمی سطح پر ایسے قوانین بنائے جائیں جن سے ہر مذہب کا احترام ممکن ہو سکے اور دنیا میں امن کے قیام کو فروغ حاصل ہو۔