اسکردو: قائداعظم کے یوم ولادت کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا اہتمام

گلگت بلتستان کی معروف ادبی تنظیم بزم علم وفن کے زیر اہتمام اسکردو میں قائد اعظم کی یوم ولادت کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، مقررین نے وطن عزیز کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کیلئے زمہ دارانہ کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالم دین علامہ شیخ جواد حافظی نے کہا کہ دنیا میں بہت سی تحریکوں کے بانی قائدین گزرے ہیں، مگر تحریک پاکستان کے رہنما قائداعظم محمدعلی جناح جیسے قائد کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے ملک میں جاری افراتفری کو پاکستانیوں کی افکارِ قائداعظم سے دوری قرار دیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ ملک کوعلامہ اقبال کے تصور اور قائداعظم کے فلسفہ اور اصولوں کے مطابق فلاحی اسلامی ریاست بنانے کےلیے معاشرے کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنے حصے کا کام نیک نیتی اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوکر انجام دینا ہوگا۔ تقریب میں اسکردو کے شعراء نے خصوصی کلام اور اسکولوں کے طلبہ نے ملی نغمے پیش کئے۔

تقریب کے اختتام پر قائد اعظم کی سالگرہ کی مناسبت سے پچاس پونڈ وزنی کیک کاٹا گیا۔

 

install suchtv android app on google app store