وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت گلگت بلتستان سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس اکتوبر میں منعقد ہوگا، جس میں علاقہ میں امن و امان کی صورتحال اور مالیاتی امور کا جائزہ لے کر اس خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی لانے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
اجلاس میں قانون کے نفاذ کو مزید بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ گلگت بلتستان کے مکین اس خطے میں سیاحت کے مواقع سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ یہ اجلاس وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے حالیہ دو روزہ دورہ گلگت بلتستان کا تسلسل ہوگا جس میں گذشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مالیاتی امور سمیت دیگر زیر التواء معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے اپنے دورہ کے دوران گلگت بلتستان کے سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور عمائدین کے ساتھ ملاقاتوں میں 2 ارب روپے کی مالی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی تھی کہ اس علاقہ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے وفاقی حکومت مزید وسائل فراہم کرے گی کیونکہ پاکستان کی ترقی میں اس علاقہ کا کردار اہم ہے۔