پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر سے پہلی بار ایک خاتون ثوبیہ جبین مقدم ، صوبائی وزیر منتخب ہوئی ہیں۔ ثوبیہ جبین مقدم کو ویمن ڈویلپمنٹ یعنی حقوق نسواں کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
نومنتخب وزیر ثوبیہ جبین مقدم نےبتایا کہ ’میرا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے اور ہمارے خاندان نے مسلم لیگ کے لیے کافی قربانیاں دی ہیں اور بنیادی طور پر میرا تعلق پنجاب سے ہے۔ تاہم 2007 میں میری شادی دیامر کے علاقے گوہر آباد میں ہوئی تھی۔ مجھے سیاست میں آنے کا بہت شوق تھا اب اللہ نے موقع دیا ہے تو اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کرونگی تا کہ اس علاقے کے خواتین کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائی جاسکیں۔‘
’یہاں سماجی آگاہی نہیں ہے جس کے لیے میں کوشش کررہی ہوں تا کہ یہاں کے لوگوں کے ذہنوں کو تبدیل کر سکوں جس کے لیے میں سوشل مہم بھی کرونگی۔ خصوصی طور پر خواتین کو آگاہ کرسکوں تا کہ وہ پڑھ لکھ سکیں جبکہ علاقے کے خواتین کے لیے وکیشنل انسٹٹیوٹ کھولوں گی۔‘
ثوبیہ نے بتایا کہ اس علاقے میں علماء اور عمائدین کا خاص کردار رہا ہے اور میں ان سب کو ساتھ ملاکر چلنے کی کوشش کریں گی۔
ان کے مطابق علاقے کے لوگ ان کی کافی حوصلہ افزائی کررہے ہیں جس سے ان کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔
ثوبیہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس علاقے میں خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گی۔