وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نلتر ہیلی کاپٹر حادثےمیں قیمتی جانوں کی ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حادثے پروزیراعظم نے ایک روزہ سوگ کا بھی اعلان کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے گلگت کی وادی نلتر میں ہیلی کاپٹرکےاندوہناک حادثے میں شہید پائلٹس اور دوست ممالک کے سفرا کے سوگواران سےاظہارِ تعزیت کیا۔ انھوں نے حادثے کے زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت بھی دی ۔
ترجمان وزیراعظم کا کہنا ہے کہ افسوسناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزیراعظم نے دورہ نلتر منسوخ کردیا اور واپس اسلام آباد آگئے۔
دوسری جانب پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ الم ناک اور افسوس ناک ہے جس سے انہیں دکھ پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ حادثے میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اور دکھ کی اس گھڑی میں ورثاء کے ساتھ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تیس سے زائد ممالک کے سفیروں اور ان کی بیگمات کو سی ون تھرٹی طیارے سے گلگت پہنچایا گیا، جہاں سے چار ہیلی کاپٹرز کے ذریعے انہیں نلتر لے جایا جارہا تھا جہاں لینڈنگ کے دوران ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا۔