سکردو سے پی آئی اے کا اکائونٹس آفیسر کرپشن کے الزام میں گرفتار

گلگت میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سکردو سے پی آئی اے کے اکائونٹس آفیسر کو 93 لاکھ کی کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

جمعرات کو ایف آئی اے گلگت بلتستان کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے بکنگ آفس کو 93 لاکھ روپے کی خوردبرد کرنے پر گرفتار کرلیا ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے سید دلدار حسین شاہ، ایس آئی غلام عباس اور ایس آئی تاج الدین نے سکردو میں چھاپہ مار کر ملزم کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے حکام نے ایف آئی اے سے مالی خوردبرد کی تحقیقات کی درخواست کی تھی جس پر مکمل چھان بین کے بعد ملزم کو 93 لاکھ روپے کا گھپلا کرنے پر گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا اور عدالت سے ملزم کا 28 فروری تک جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملزم نے فروری 2014ء سے ستمبر 2014ء تک ٹکٹوں کی واپسی کے نام پر جعلسازی کر کے رقم بٹوری ہے۔

ملزم فرضی ٹکٹوں کی واپسی کے نام پر قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔

ایف آئی اے گلگت بلتستان کی ٹیم ملزم سے مزید تحقیقات کر رہی ہے اور ملزم سے اہم انکشافات کی توقع ہے۔

install suchtv android app on google app store