وزیراعظم پاکستان نے چیئرمین گلگت بلتستان کونسل کی حیثیت سے سیلف گورننس آرڈر 2009ء کے تحت گلگت بلتستان کی نگران کابینہ کے 7 وزراء کی منظوری دیدی، نگران کابینہ کے ارکان کی مجموعی تعداد 12 ہوگئی۔
وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق نگران وزراء میں سکردو سے مسز فوزیہ سلیم، نگر سے زوار قلب علی، غذر سے عبدالجہان، گھانچے سے فدا حسن زیدی، دیامر سے بشارت اللہ، استور سے عطاء اللہ اور غذر سے علی مراد ایڈووکیٹ کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ جس کے بعد نگران کابینہ کی مجموعی تعداد بارہ ہو گئی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم پاکستان نے جن 5 وزراء کی منظوری دی تھی ان میں گلگت سے شیخ ناصر زمانی، دیامر سے عنایت اللہ شمالی، استور سے حاجی نعمت اللہ اور مشتاق ایڈووکیٹ جبکہ سکردو سے ثناء اللہ شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق نگران کابینہ آئندہ 24 گھنٹوں میں حلف اٹھائے گی۔ گورنر گلگت بلتستان پیر کرم علی شاہ نگران کابینہ سے حلف لیں گے۔
ادھر گلگت بلتستان کے مختلف سیاسی سماجی، مذہبی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے نگران کابینہ کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ نگران کابینہ، نواز لیگ، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی ہے اور یہ اقدام الیکشن سے پہلے دھاندلی کی سازش ہے۔