وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ پشاور پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پورا پاکستان غمزدہ اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ سانحہ پشاور دہشتگردی کا بدترین واقعہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ تمام سیاستدان اپنے اختلافات اور ایجنڈوں کو ایک طرف رکھ کر دہشتگردی کیخلاف یک جان اور دو قالب ہو جائیں۔ اگر ہم نے مل کر اس دہشتگردی کو ختم کرنے کا عہد نہ کیا تو یہ دہشتگردی کا ناسور ہمیں ختم کر دے گا۔
میری تمام جماعتوں اور ان کے قائدین سے اپیل ہے کہ وہ دہشتگردی کیخلاف اکھٹے ہو جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے جس طرح دہشتگردوں کو کاری ضرب لگائی یہ اس کا بزدلانہ ردعمل ہے۔
ہماری تمام ہمدردیاں سانحہ پشاور میں جاں بحق ہونے والے بچوں اور ان کے اہلخانہ کیساتھ ہیں۔ پوری قوم کو جتنی آج یکجہتی اور یگانگت کی ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں رہی۔ پوری قوم دہشتگردی کو دفن کرنے کیلئے متحد ہے۔