وزیراعظم نے داسو پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے آبی ذرائع مکمل طور پر بروئے کار لائے جائیں گے۔
ضلع کوہستان میں داسو کے مقام پر چار ہزار تین سو بیس میگاواٹ کے داسو پن بجلی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے آبی ذرائع مکمل طور پر بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر بھی کام جلد شروع ہو جائے گا۔
نواز شریف نے کہا کہ دریائے سندھ پر چالیس ہزار میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے لگائے جا سکتے ہیں جبکہ اس وقت وہاں سے صرف سات ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ چار ہزار تین سو بیس میگاواٹ کا یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق پہلا مرحلہ پانچ سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا جس سے قومی گرڈ میں دو ہزار ایک سو ساٹھ میگا واٹ شامل ہو گی۔ دریا کے پانی کے بہاؤ سے چلنے والے اس منصوبے سے سستی بجلی پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
عالمی بنک داسو منصوبے کیلئے ایک ارب ڈالر فراہم کرے گا۔