وزیراعلی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ برادر اسلامی ملک کویت کی حکومت اور فلاحی ادارہ کی گلگت بلتستان میں سماجی خدمات اور دکھی انسانیت کی خدمت کے منصوبے ناقابل فراموش ہے۔ خطے کی پسماندگی دور کرنے میں کویت کے امیر اور مخیر حضرات نے ہمیشہ حکومت پاکستان کی مدد کی۔
اسکردو میں امیر کویت الصباح احمد الجابر الصباح اور فلاحی ادارہ کے تعاون سے ساڑھے تین سو بستروں پر مشتمل جدید اسپتال کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ کویت میڈیکل سینٹر کے لیے گلگت بلتستان کی حکومت نے پوش علاقے میں باون کنال زمین فراہم کی ہے، جہاں دنیا کی جدید ترین طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال کے قیام سے پورے گلگت بلتستان کے عوام کو دہلیز پر علاج معالجے کی سہولیات میسر آئیں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کویت کے فلاحی ادارے کے سربراہ الحاج عبدل الامعرفی نے کہا کہ امیرکویت کی خصوصی دلچسپی اور حکومت پاکستان و گلگت بلتستان کی خواہش پر اسکردو میں جدید طبی سہولیات سے لیس اسپتال کی تعمیر کاخواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کے نام امیر کویت کے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ تقریب کے آخرمیں قائد بلتستان علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے بلتستان کے عوام کی جانب سے کویت کے امیر اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا اور منصوبے کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔