بلوچوں سے معافی مانگنے سے معاملہ حل نہیں ہوگا: نواز شریف

نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچوں سے معافی مانگنے سے معاملہ حل نہیں ہوگا۔ بلوچستان کے زخموں کا حساب ہونا چاہئے۔

مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف سے نواب اکبر بگٹی کے صاحبزادے اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال اکبر بگٹی کی ملاقات پر میاں نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرینگے جبکہ طلال اکبر بگٹی کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ انتخابات شفاف اور غیر جانبدار ہوئے اور بلوچستان میں ایجنسیوں کا کردار محدود ہوا تو جمہوری وطن پارٹی کا مسلم لیگ ن کا اتحادی بننے کے امکانات بڑھ جائینگے۔ پیر کے روز مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف نے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال اکبر بگٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال اور بلوچستان کے حالات پر غور کیا گیا۔ ملاقات مسلم لیگ ن کے سربراہ کے علاوہ صوبائی وزراء بھی شریک ہوئے جبکہ طلال بگٹی کے ہمراہ نواب زادہ چنگیز، مری ، عبدالستار مندوخیل موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں میں متعدد نکات پر اتفاق کیا گیا جن پر سردار طلال اکبر بگٹی کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ انتخابات شفاف اور غیرجانبدار ہوئے اور بلوچستان میں ایجنسیوں کا کردار محدود ہوا تو مسلم لیگ ن کے اتحادی ہونے کا امکان بڑھ جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات تیزی سے بگڑتے جا رہے ہیں اگر انہیں ٹھیک نہ کیا گیا تو حالات قابو سے باہر ہو جائینگے۔ مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نوازشریف کے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر میاں نواز شریف سمجھتے ہیں کہ وہ بلوچستان کے زیادہ دورے کر کے اور وہاں کی عوامی احساس محرومی ختم کریں تو اس میں کوئی برائی نہیں۔ اس موقع پر میاں نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان قوم کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرینگے اور اس حوالے سے پنجاب بڑے بھائی کی طرح جس طرح ماضی میں اپنا کردار ادا کرتا آ رہا ہے وہ آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے شہری بھی پاکستان کے شہری ہیں وہ بھی پاکستانی سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنی ہم کرتے ہیں انہیں ہتک کی نگاہ سے دیکھنا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو چاہئیے کہ بلوچ عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

install suchtv android app on google app store