نیویارک میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت پولیوکے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے تعاون سے پاکستان جلد ایک پولیوسے آزاد ملک ہوگا۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 67 ویں اجلاس میں دنیا سے پولیوکے خاتمے کے خصوصی سیشن کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہی، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے چیرمین بل گیٹس اور پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی خیرسگالی سفیر آصفہ بھٹو زرداری بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ماضی میں ملک میں آمرانہ دور حکومت جہاں کئی ادارے تباہی کا شکار ہوئے وہاں پولیو کے خاتمے کا پروگرام بھی شدید متاثر ہوا۔طویل عرصے کی آمریت کے بعد پاکستان میں جمہویت بحال ہوئی ہے اور جمہوری حکومت کے قیام کے بعد پولیو کے ملک سے خاتمے کے لئے سنجید ہ اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیںاور ہمیں یقینا ملک سے پولیو کے خاتمے میں کامیابی ملے گی جس سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہوگا۔
اس موقع پربل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے چیرمین بل گیٹس نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لئے موجودہ حکومت کی کوششیں قابل ستائش ہیں، انہوں نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور تعاون اور مددکی یقین دہانی کرائی۔
پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی خیرسگالی سفیر آصفہ بھٹو زرداری نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ انہوں نے ملک سے پولیوکے خاتمے کے چیلنج قبول کیا، انہیں پولیوکے خاتمے کے لئے کلیدی کردار ادا کرنے والے اہم لوگوں کے درمیان ہونے پر فخر ہے، آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا پروگرام ان کی والدہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے شروع کیا تھا اور آج وہ اسے اپنی والدہ کا مشن سمجھ کر ملک کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے جدوجہد کررہی ہیں، وہ اس کے لئے پرعزم ہیں تاکہ ملک کے مستقبل کو پولیو جیسے مہلک مرض سے بچایا جاسکے.
اس سے قبل صدر آصف علی زرداری سے بل اینڈ ملینڈاگیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کی تفصیلی ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پرصدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 1996ء میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شروع کردہ پولیو کے خاتمہ کی مہم کے بعد سے لے کر اب تک پاکستان نے پولیو کے خاتمہ میں تیزی سے پیشرفت کی ہے اور یہ کامیابی سے متاثرہ ممالک اور بین الاقوامی برادری کے اشتراک کا نتیجہ ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے پولیو ختم کرنے کے مشن کو ان کی بیٹی پولیو کے خاتمہ کی خیر سگالی سفیر آصفہ بھٹو پورا کرنے کیلئے پرعزم ہے اور اس مشن کو لے کر چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس سال جنوری میں پولیو کے خاتمہ کیلئے قومی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کا پلان دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے کیسز غیر معمولی سیلاب اور سیکورٹی مینجمنٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن کی وجہ سے درپیش مشکلات کے باعث رونما ہوئے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کا تہیہ کر رکھا ہے تاکہ پولیو کے خاتمہ کی یہ مہم درپیش مذکورہ بالا چیلنجز کی وجہ سے کسی بھی طرح متاثر نہ ہو۔ صدر آصف علی زرداری نے پولیو کے خاتمہ کیلئے گراں قدر تعاون پر بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں تعلیم کی بہتری اور فروغ کیلئے نئے منصوبے شروع کرنے پر زور دیا۔ صدر آصف علی زرداری نے بل گیٹس کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات کے موقع پر پولیو کے خاتمہ کیلئے خیر سگالی سفیر آصفہ بھٹو زرداری، وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، سیکرٹری جنرل ٹو صدر سلمان فاروقی، سفیر شیری رحمن، سماجی شعبہ کے لیے وزیر اعظم کی معاون شہناز وزیر علی ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن فرزانہ راجہ اور سفیر مسعود خان بھی موجود تھے۔