اقوام متحدہ دورحاضرکےعالمی چیلنجوں سےنمٹنےکیلئے بہترین فورم ہے:حنا ربانی کھر

 وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نئے صدر ووک جیرمک سے ملاقات کی۔ وزیرخارجہ نے نئے صدر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی بھرپور حمایت اورتعاون کا یقین دلایا۔

 دفترخارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات اصولوں کی بنیاد پر استوار ہونے چاہئیں اور اقوام متحدہ دورحاضر کے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بہترین فورم ہے۔ وزیر خارجہ نے دسمبر2011ء میں ووک جیرمک کے کامیاب دورہ پاکستان کا بھی ذکر کیا۔ ووک جیرمک نے وزیر خارجہ کویقین دلایا کہ وہ سلامتی کونسل کو زیادہ نمائندہ، جمہوری اورجوابدہ بنانے کیلئے جامع اصلاحات پر زور دینے کی کوشش کریں گے۔
 
 حنا ربانی کھر نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر افغان ہم منصب زلمے رسول سے بدھ کی صبح ملاقات کی۔ دفترخارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے افغانستان میں امن و استحکام پر زوردیتے ہوئے افغان عوام کی حمایت کے حامل اورا فغان قیادت میں ہونے والے مفاہمتی عمل کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں وزراء خارجہ نے پاک افغان راہداری تجارتی معاہدے پر پیشرفت کا جائزہ لیا اوراس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کلئے اپنی حکومتوں کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سرحد کے آر پار دراندازی اور شیلنگ کے معاملہ اور بارڈر منیجمنٹ سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے مل کرکام کرنے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

install suchtv android app on google app store