وفاقی حکومت کی جانب سے ایل این جی ٹیرف پر گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کیے جانے کے بعد بھی صارفین کی جانب سے درآمدی گیس پر مبنی کنکشن حاصل کرنے میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے اب ان صارفین کو ارجنٹ اور معمول کے ڈیمانڈ نوٹسز کی مد میں جمع کروائی گئی رقوم کی واپسی کا عمل شروع کر دیا ہے، جنہوں نے ایل این جی پر مبنی کنکشن لینے سے انکار کر دیا تھا،یہ ڈیمانڈ نوٹسز کنکشن پر پابندی لگنے سے قبل جمع کروائے گئے تھے اور اب ان کی فیس واپس کی جا رہی ہے۔
حکومت کی جانب سے پابندی ہٹانے کے بعد پرانے ڈیمانڈ نوٹسز پر کنکشن لگانے کی اجازت دی گئی تھی جس کے بعد کمپنی نے چار سال قبل درخواست دینے والے صارفین کو آفر لیٹرز بھیجے۔ آفر لیٹرز میں شرط رکھی گئی تھی کہ صارفین کو ایل این جی کی بنیاد پر کنکشن حاصل کرنا ہوگا، تاہم بیشتر صارفین نے اس شرط کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
اس صورتحال کے پیش نظر اب کمپنی ان صارفین کو فیسیں واپس کر رہی ہے، جنہوں نے درآمدی گیس پر مبنی کنکشن نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔