پاک افغان جنگ بندی: دس روز سے بند طورخم بارڈر کھلنے کا امکان

دس روز سے بند پاک افغان طورخم سرحد کے دوبارہ کھلنے کا امکان بڑھ گیا ہے فائل فوٹو دس روز سے بند پاک افغان طورخم سرحد کے دوبارہ کھلنے کا امکان بڑھ گیا ہے

پاک افغان کشیدگی کے بعد ہونے والی جنگ بندی کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ہیں، اور دس روز سے بند پاک افغان طورخم سرحد کے دوبارہ کھلنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور کابل نے سرحد کھولنے پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے، جس کے بعد کسٹم اسٹاف کو فوری طور پر طورخم ٹرمینل پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

کارگو گاڑیوں کی کلیئرنس کے لیے اسکینر بھی طورخم ٹرمینل پہنچا دیے گئے ہیں تاکہ تجارتی سرگرمیوں کی بحالی میں مزید تاخیر نہ ہو۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں چمن اور خیبرپختونخوا میں غلام خان و انگور اڈا بارڈر نو روز سے بند تھے، جس کے باعث تجارت اور پیدل آمد و رفت مکمل طور پر متاثر ہوئی۔

سرحدی بندش کے دوران دونوں جانب ٹرانزٹ ٹریڈ کی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، اور پھل و سبزیاں خراب ہونے سے تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق امپورٹ، ایکسپورٹ اور ٹرانزٹ ٹریڈ کی ہزاروں گاڑیاں بند سرحد کے باعث رکی ہوئی ہیں، جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں کئی کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہیں۔

طورخم گزرگاہ سے یومیہ تقریباً 85 کروڑ روپے کی تجارت ہوتی ہے، جس میں 58 کروڑ روپے کی برآمدات اور 25 کروڑ روپے کی درآمدات شامل ہیں۔

پاکستان سے افغانستان کو سیمنٹ، ادویات، کپڑا، پھل اور سبزیاں برآمد کی جاتی ہیں، جبکہ افغانستان سے کوئلہ، سوپ اسٹون، خشک اور تازہ پھل سمیت دیگر اشیاء درآمد ہوتی ہیں۔

تجارتی سرگرمیاں رکنے سے نہ صرف تاجروں بلکہ ٹرانسپورٹ سیکٹر سے وابستہ ہزاروں افراد کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

تاہم حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ سرحدی تجارت اب باضابطہ طریقے اور عالمی اصولوں کے مطابق جاری رکھی جائے گی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے حال ہی میں الجزیرہ عربیہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ افغانستان دوبارہ پاکستانی بندرگاہوں کو استعمال کرسکے گا۔

وزیر دفاع کے مطابق وہ افغان شہری جن کے پاس قانونی ویزے اور شناختی کاغذات موجود ہیں، پاکستان میں قیام کرسکیں گے، جبکہ غیر قانونی مہاجرین کی واپسی کا عمل جاری رہے گا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا تھا کہ پاک افغان بارڈر کا استعمال اب مکمل شفافیت اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا تناؤ سے بچا جا سکے۔

install suchtv android app on google app store