وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو بجلی کے موثر استعمال سے صنعتی اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ آج (پیر) اسلام آباد میں صنعت اور زراعت کے شعبوں کیلئے توانائی ڈویژن کے اصلاحاتی پیکج پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی سہولت کے لیے بھی پاور ڈویژن کو مختلف سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات دیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ زراعت اور صنعت کے شعبوں کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بجلی کے زیادہ سے زیادہ مثبت استعمال کو یقینی بنانے کے لیے پالیسی وضع کی جائے جس سے صنعتی اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کی پیداوار اور اس کے جامع اور موثر استعمال کے لیے ممکنہ اصلاحاتی پیکج کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔