پرائیویٹ سکیم کے تحت حج 2026 پر روانگی کے خواہشمند عازمین حج کیلئے اچھی خبر آگئی۔
وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ حج کی بکنگ کی ڈیڈ لائن میں پانچ دن کی توسیع کر دی۔ وزارت سے منظور شدہ حج منظم کمپنیوں کو حج پالیسی 2026 اور سروسز پرووائیڈر ایگریمنٹ (SPA) کے مطابق 22 اکتوبر تک پرائیویٹ حج کی بکنگ مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
واضح رہے کہ نجی حج سکیم کے لیے امسال ساٹھ ہزار نشستیں رکھی گئی ہیں۔ 55 ہزار 5 سو عازمین حج نے بکنگ مکمل کر لی ہے جبکہ ابھی بھی ساڑھے چار ہزار نشستیں پرائیویٹ سکیم میں دستیاب ہیں۔ ترجمان مذہبی امور نے کہا ہے کہ وزارت کی ویب سائٹ سے منظور شدہ حج کمپنیوں کی لازمی تصدیق کریں۔ حج واجبات کی ادائیگی ہمیشہ بینکنگ چینل کے ذریعے کمپنی اکاونٹ میں کریں۔
حج معاہدے کی کاپی اور کمپیوٹرائزڈ رسید ضرور طلب کریں۔ وزارت کی ویب سائٹ اور پاک حج 2026 موبائل ایپ پر بکنگ کی تفصیلات اور اپنے کوائف لازمی چیک کر لیں۔ پرائیویٹ حج اسکیم کی بکنگ کا آغاز گزشتہ ماہ 19 ستمبر کو ہوا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت ہزاروں عازمین مکمل رقم جمع کرائے جانے کے باوجود حج کی سعادت حاصل کرنے سے محروم رہے گئے تھے۔ جس کے بعد حکومت نے رواں برس پرائیویٹ آپریٹرز کا کوٹہ 90 ہزار سے کم کر کے 60 ہزار کر دیا گیا تھا۔