افغان طالبان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں متوقع ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق طالبان کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ امارتِ اسلامیہ افغانستان کا وفد، جس کی قیادت وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کر رہے ہیں، آج دوحہ میں پاکستان کے سیکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام سے ملاقات کرے گا۔
پاکستان کی جانب سے فی الحال مذاکرات کے حوالے سے کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
تاہم سرکاری میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ سرحدی کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔
پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے سیکیورٹی ذرائع نے مذاکرات کی تصدیق کی، البتہ وقت اور مقام کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔
دوسری جانب افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مذاکرات دوحہ میں ہوں گے اور ان کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان جاری تناؤ کو کم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی ختم کرنے کے لیے قطر نے ثالثی کی پیشکش کی ہے اور وہ اس معاملے کے حل کے لیے سنجیدگی سے دونوں فریقوں سے رابطے میں ہے۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر عبدالعزیز الخلیفی کا علاقائی صورتحال کے حوالے سے پیغام موصول ہوا جس میں انھوں نے علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قطر کی مسلسل حمایت، خطے اور دیگر ملکوں میں امن کو فروغ دینے میں اس کے مثبت کردار پر شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی کا وقت آج شام چھ بجے ختم ہو رہا ہے۔