رمضان المبارک کی آمد کے منتظر مسلمانوں کے لیے خوشخبری ہے، ماہرین فلکیات اور موسمیات نے اس حوالے سے پیشگوئی کر دی ہے۔ دنیا بھر میں مسلمان رحمتوں اور برکتوں والے اس مقدس مہینے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، اور اس ماہ مبارک کی آمد میں صرف تین ماہ باقی ہیں۔
ماہرین فلکیات نے پہلا روزہ اور عیدالفطر کی تاریخ کے حوالے سے پیشگوئی بھی کی ہے۔ العربیہ کے مطابق، امارات فلکیاتی انجمن نے نئے ہجری سال 1477 میں پہلا روزہ جمعرات، 19 فروری 2026 کو ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
اماراتی فلکیاتی انجمن کے صدر ابراہیم جروان کے مطابق رمضان 1447 کا چاند منگل، 17 فروری کو شام 4 بج کر ایک منٹ پر (امارات کے وقت کے مطابق) پیدا ہوگا، جو سعودی عرب کے وقت کے مطابق 3 بجکر 1 منٹ بنتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سورج غروب ہونے کے تقریباً ایک منٹ بعد چاند غائب ہو جائے گا، جس کی عمر اس وقت صرف 2 گھنٹے 12 منٹ ہوگی، اس لیے اس شام ہلال نظر آنے کا امکان بہت کم ہے۔
فلکیاتی ماہر نے اسی بنیاد پر جمعرات 19 فروری کو یکم رمضان المبارک ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اماراتی فلکیاتی انجمن کے صدر ابراہیم جروان نے رواں برس رمضان المبارک میں 29 روزے ہونے اور عیدالفطر جمعہ 20 مارچ کو ہونے کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی مہینوں کا آغاز چاند دیکھ کر کیا جاتا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت کمیٹی کرتی ہے۔