ایشیائی ممالک میں سب سے طاقتور پاسپورٹ کس ملک کا ہے؟

  • اپ ڈیٹ:
دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ فہرست میں ایک بار پھر ایشیائی ممالک نے برتری حاصل کرلی ہے فائل فوٹو دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ فہرست میں ایک بار پھر ایشیائی ممالک نے برتری حاصل کرلی ہے

2025 کی آخری سہ ماہی کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی تازہ فہرست میں ایک بار پھر ایشیائی ممالک نے برتری حاصل کرلی ہے۔ ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے اکتوبر تا دسمبر 2025 کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سنگاپور کا پاسپورٹ مسلسل چھٹے سال دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار پایا ہے۔

جس کے حامل افراد 193 ممالک میں بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں۔

فہرست کے مطابق جنوبی کوریا دوسرے نمبر پر ہے، جس کے شہری 190 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

جبکہ جاپان تیسرے نمبر پر ہے جہاں کے شہریوں کو 189 ممالک میں بغیر ویزا داخلے کی اجازت حاصل ہے۔

چوتھے نمبر پر مشترکہ طور پر پانچ یورپی ممالک جرمنی، اٹلی، لگزمبرگ، سوئٹزرلینڈ اور اسپین — شامل ہیں، جن کے پاسپورٹس پر 188 ممالک میں ویزا فری سفر ممکن ہے۔

پانچویں پوزیشن پر ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئرلینڈ، بیلجیم، آسٹریا اور نیدرلینڈز کے پاسپورٹس موجود ہیں، جن کے حامل افراد 187 ممالک تک آزادانہ سفر کرسکتے ہیں۔

186 ممالک میں ویزا فری رسائی کے ساتھ یونان، ہنگری، نیوزی لینڈ، ناروے اور سویڈن کے پاسپورٹس چھٹے نمبر پر ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اس سال امریکی پاسپورٹ پہلی بار ٹاپ 10 فہرست سے باہر ہوگیا ہے، جو ماضی میں دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس میں شمار ہوتا تھا۔

ایسا اس انڈیکس کی 20 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہوا اور اب یہ 12 ویں نمبر پر موجود ہے۔

کونسے پاسپورٹس نے زیادہ اونچی چھلانگ لگائی؟

کمپنی کے مطابق چین اور متحدہ عرب امارات کے پاسپورٹس گزشتہ ایک دہائی میں تیزی سے اوپر آنے والے پاسپورٹس ہیں۔

چینی پاسپورٹ کی رینکنگ میں ایک دہائی کے دوران 30 درجے بہتری آئی اور اب یہ 64 ویں نمبر پر ہے۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات کی رینکنگ میں بھی 10 سال کے دوران 34 درجے کی بہتری آئی ہے اور وہ ابھی 8 ویں نمبر پر ہے۔

دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس

پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا ہے۔

مجموعی طور پر پاکستانی پاسپورٹ کے حصے میں یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 103 واں نمبر آیا اور اس پر 31 ممالک میں ویزا فری داخلہ ممکن ہے۔

پاکستان سے نیچے عراق (104)، شام (105) اور افغانستان (106) رہے۔

پاکستان سے اوپر صومالیہ 102 ویں، نیپال 101 ویں، شمالی کوریا اور بنگلا دیش 100 ویں، فلسطین، اریٹیریا اور لیبیا 99 ویں، ایران، سری لنکا اور سوڈان 98 ویں جبکہ جنوبی سوڈان اور جمہوریہ کانگو 97 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

install suchtv android app on google app store