انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے پرامن جوہری پروگرام میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے اس کی صلاحیت میں اضافے کو سراہا ہے۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے بیان کے مطابق، ویانا میں 69 ویں جنرل کانفرنس کے موقع پر آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے چیئرمین پی اے ای سی، ڈاکٹر راجا علی رضا انور سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا کہ آئی اے ای اے نے پاکستان کے پرامن جوہری پروگرام میں کردار کی توثیق کی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں پاکستان کی سول نیوکلیئر انرجی کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کی تعریف کی۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ پاکستان کا نیوکلیئر پاور پروگرام تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ سی۔5 ملک میں صاف اور پائیدار ایٹمی بجلی کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر راجا علی رضا انور نے کہا کہ پاکستان کے جوہری پاور پلانٹس اعلیٰ ترین حفاظتی معیارات کے تحت چلائے جا رہے ہیں اور ہماری سرگرمیاں آئی اے ای اے کے وژن سے ہم آہنگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی اے ای اے اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر پرامن جوہری تعاون، پائیدار ترقی اور خطے کی بہتری کے لیےکام جاری رکھے گا۔