نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی تازہ رپورٹ کے مطابق، رواں سال ملک میں شدید سیلاب اور موسمی بارشوں کے نتیجے میں اموات کی تعداد 927 تک پہنچ گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے اور بنیادی سہولیات شدید متاثر ہوئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب سے مکانات، سڑکیں، پل اور فصلیں بھی نقصان اٹھا چکی ہیں۔
جس کے باعث مختلف صوبوں میں انسانی جان و مال کو خطرہ لاحق رہا۔
حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور لوگوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد جاں بحق اور دو بچے زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے تمام پانچ افراد کا تعلق سندھ سے تھا، جبکہ زخمی ہونے والے دونوں بچے سکھر کے رہائشی ہیں ۔
ایک دن میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 26 گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق 26 جون سے اب تک مجموعی طور پر 927 افراد جاں بحق اور ایک ہزار 49 زخمی ہوچکے۔
سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں 504 اموات ہوئیں۔
پنجاب میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 244، سندھ میں 65 اور بلوچستان میں 26 ہے۔
گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 41 ، آزاد کشمیر میں 38 اور اسلام آباد میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک بارشوں اور سیلاب سے مجموعی طور پر 7 ہزار 877 گھروں کو نقصان پہنچا۔
جبکہ 6 ہزار 109 مویشی ہلاک ہوئے۔ 671 کلومیٹر سڑکیں اور 239 پل بھی تباہ ہوئے ہیں۔