بلوچستان کے ضلع خضدار میں مسافر بس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ اور بعدازاں آگ لگنے کے باعث اٹھارہ افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق خضدار کی مرکزی شاہراہ پر ایک مسافر بس میں غیرقانونی پٹرول کے ڈرم لوڈ کئے جارہے تھے کہ اس دوران نامعلوم کار سواروں نے خاندانی دشمنی پر ایک شخص کو قتل کرنے کیلئے بس پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے ایک گولی پٹرول ڈرم کو جا لگی جس سے مسافر بس کو آگ لگ گئی، خوفناک آگ کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت اٹھارہ افراد جاں بحق جبکہ متعدد جھلس گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس اور ریسکیو کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی اِس دوران فائر بریگیڈ کو بھی طلب کر لیا گیا، جس نے آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد خوفناک آگ پر قابو پالیا، آتشزدگی کے باعث مقامی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ صدر زرداری اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں۔