بھارتی شہری بڑی بیماریوں کے پنجے میں

بھارت میں چالیس فیصد اَموات ذیابیطس، دل کے امراض، کینسر یا دماغی خلل کے باعث ہوتی ہیں جبکہ اسی طرح کے اَمراض میں مبتلا ساٹھ فیصد بھارتی شہری 70 سال کی عمر کو پہنچنے سے پہلے ہی دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں۔

ویسے تو یہ رجحان پوری دنیا میں نظر آ رہا ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ذیابیطس اور دل کے مختلف طرح کے عوارض کا شکار ہو رہے ہیں لیکن بھارت میں ایسے مریضوں کی تعداد میں زیادہ تیزی کے ساتھ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بھارت کے دور اُفتادہ دیہات اور قصبوں میں، جہاں غربت نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، مناسب طبی سہولتوں کا فقدان ہے۔ وہاں خون کے معائنوں یا تشخیص کے دیگر ذرائع کی عدم موجودگی کی وجہ سے اکثر بروقت یہ پتہ ہی نہیں چل پاتا کہ کوئی شخص کس بیماری کا شکار ہے۔

بھارت میں 70 فیصد مریض ایسی بیماریوں میں مبتلا ہیں، جو ایک سے دوسرے شخص میں منتقل نہیں ہو سکتی ہیں۔ عالمی ادارہء صحت WHO کے اندازوں کے مطابق اکٹھے 52 ملین بھارتی شہری شوگر یا ذیابیطس کا شکار ہیں۔ یہ تعداد بھارت کی مجموعی آبادی کا تقریباً چھ فیصد بنتی ہے۔

install suchtv android app on google app store