ایک تازہ تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ سائیکل سواری کرنے والوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم ہو جاتا ہے اور وہ عام افراد سے اوسطاﹰ چھ برس زیادہ جیتے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج منگل کے روز یورپین سوسائٹی برائے امراض قلب کے سامنے پیش کیے گئے۔ دوران تحقیق یہ دلچسپ بات سامنے آئی کہ ٹور ڈی فرانس میں حصہ لینے والے فرانسیسی سائیکل سوار ملک کی عام آبادی سے 6 برس زیادہ زندگی پاتے ہیں۔
اس دوران یہ بھی معلوم ہوا کہ ان افراد میں دل کی بیماریوں کی وجہ سے اموات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ اس تحقیق نے ان خدشات میں بھی خاصی حد تک کمی کردی ہے، جن کے مطابق یہ خیال کیا جاتا تھا کہ سخت ورزش دل کی بیماریوں کا باعث بنتی ہے۔
اس تحقیق کے محقیقین نے یہ بھی کہا ہے کہ سائیکل سواروں کی طرف سے ڈوپنگ یا طاقت بخش ادویات کا استعمال دل کی بیماریوں کا باعث نہیں بنتا۔ تاہم اگر ان ادویات کا استعمال کثرت سے کیا جائے تو یہ دل کے عارضے کی وجہ بن سکتی ہے۔