یورپی پارلیمنٹ نے نوجوانوں میں تمباکو نوشی کے رجحان کو کم کرنے، اسے غیر مقبول بنانے، اور اس کی فروخت کم کرنے کے لیے ایک سخت قانون کی منظوری دے دی ہے۔
یورپی پارلیمنٹ نے منگل کے روز جہاں تمباکو نوشی کے رجحان کو کم کرنے کے لیے ایک سخت قانون کو منظور کیا ہے وہیں اس نے ’’ای سگریٹ‘‘ یا الیکٹرونک سگریٹ کی صنعت کے اس مطالبے کو مسترد کر دیا ہے کہ ان سگریٹوں کو ادویات کے درجے میں رکھا جائے۔ اس فیصلے کے بعد خاصے مقبول ’’ای سگریٹ‘‘ تمباکو اور سگریٹ بیچنے والی دکانوں ہی میں رکھے جائیں گے۔ صرف اس طرح کے ان سگریٹوں کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا جو کہ یہ ثابت کر سکیں گے کہ وہ علاج کا کام بھی کرتے ہیں۔
اس نوعیت کے سگریٹ بنانے والی کمپنیوں نے اس بات کی بہت کوشش کی تھی کہ اسے عام سگریٹ کی کیٹگری میں نہ رکھا جائے۔ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین نے اس سگریٹ کی نابالغوں کو فروخت کی بھی ممانعت کر دی ہے اور ان کے اشتہارات بھی نشر نہیں کیے جا سکیں گے۔