شعبِہ انتہائی نگہداشت دماغ کو نقصان پہنچاتا ہے

امریکا کے طبی محققین کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے انتہائی نگہداست کے شعبے یا انٹنسیو کیئر یونٹ میں کچھ عرصہ داخل رہنے والے مریضوں میں گوناگوں ذہنی نقائص پیدا ہو جاتے ہیں۔

ریسرچرز کے مطابق دل کا دورہ پڑنے کے سبب ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل رہنے والے مریضوں کی ذہنی حالت تیزی سے خراب ہو جاتی ہے۔ اُن کے احساس اور ادراک کی صلاحیتوں پر پڑنے والے منفی اثرات ویسے ہی ہوتے ہیں جیسے کہ ٹرومیٹک برین انجری یا دماغ کو لگنے والے تکلیف دہ زخم کے بعد مریض کے ذہن کو پہنچنے والا نقصان۔ ایسا خاص طور سے دل کا دورہ پڑنے کے بعد زیادہ عرصے تک انتہائی نگہداشت کے شعبے میں بھرتی مریضوں کے ساتھ ہوا کرتا ہے۔

اس بارے میں کی جانے والی تحقیق کی رپورٹ حال ہی میں نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع ہوئی ہے۔ اس مطالعاتی جائزے کے ایک سینیئر مصنف پروفیسر ویس ایلی کہتے ہبں: ’’یہ مسئلہ بہت عام ہے۔ اس کیفیت کو Delirium Syndrome کہتے ہیں۔ یہ آئی سی یو یا انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل مریضوں میں سے تین چوتھائی میں پایا جاتا ہے۔ ایسے مریضوں کے دماغ کو پہنچنے والا صدمہ اُن کی ایسی ذہنی حالت کا سبب بن جاتا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ ایسے مریض کم از کم ایک سال تک ہیجان، بے قراری، جنون، واہمہ یا غلط تصور جو پریشانی کی صورت میں پیدا ہوتا ہے کا شکار رہتے ہیں۔‘‘

install suchtv android app on google app store