سچ بولنے کی دوا

فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں سوڈیم تھیوپینٹل کو اکثر ایک ایسی دوا کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جس کی خوراک پلا کر قیدیوں سے صحیح معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

سائنس کے نامہ نگار مائیکل موزلی نے ایک ذاتی سائنسی تجربے کے بعد کہا ہے کہ سچ بولنے پر مجبور کرنے کی کوئی قابل اعتماد دوا ابھی نہیں بنائی جا سکی ہے۔

ہماری روزہ مرہ زندگی میں جھوٹ اور سچ میں امتیاز کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ جھوٹے کا پتہ لگانے کے بارے میں کئی روایات ہیں۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ جھوٹ بولتے وقت جھوٹا آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے سے گریز کرے گا، اپنے پاؤں ہلائے گا یا پھر اپنی ناک کھجائے گا۔ اس کے باوجود ہم اکثر جھوٹ بولتے ہیں اور ہمیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کب ہم سے جان بوجھ کر دیدہ دانستہ جھوٹ بولا جا رہا ہے۔

بے شمار تجزیوں کے بعد یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ پشیہ وار لوگ جیسا کہ پولیس کے تفتیشی افسران جھوٹوں کا پتہ لگانے میں کسی عام شخص سے بہتر نہیں ہوتے۔ لہذا یہ بات کسی طور پر بھی حیران کن نہیں ہے کہ سائنسدان ایک عرصے سے اس بات کی کوشش میں ہیں کہ کوئی ایسی دوا ایجاد کی جائے جس سے انسان سے سچ اگلوایا جا سکے۔

install suchtv android app on google app store