ماہرین صحت ملیریا کا باعث بننے والے مچھر کا مقابلہ کرنے کے لیے مچھر دانیوں، کیڑے مار ادویات اور مختلف دواؤں کا استعمال کرتے چلے آرہے ہیں لیکن اب ایک نئی تحقیق کے مطابق بدبودار پاؤں ملیریا کے خلاف بڑا ہتھیار بنیں گے۔
لیبارٹریز میں کی گئی مختلف سائنسی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہےکہ گرم ملکوں میں پائی جانی والی ملیریا کی بیماری کا باعث بننے والے مچھر انسانی جسم کی بو کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ اس تحقیق میں یہ بات بھی ثابت ہوئی کہ عام مچھروں کی نسبت ملیریا کا باعث بننے والے مچھر انسانی جرابوں کی بو کی جانب راغب ہوتے ہیں۔
اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ عام مچھروں کی نسبت ملیریا کے پیراسائٹس والے مچھر انسانی جرابوں کی بو کی طرف زیادہ راغب ہوتے ہیں۔ ماہرین کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق جرابوں کی بو پر متوجہ ہونے والے مچھروں میں ملیریل پیراسائٹس کو انسانی جسم میں منتقل کرنے کا باعث بننے والے مچھر عام مچھروں کی نسبت تین گنا زیادہ ہیں۔
اس ریسرچ کے یہ نتائج مچھروں کے خلاف زیادہ مؤثر پھندے تیار کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ اب ایسے پھندے تیار کرنے میں آسانی ہوگی جن کا نشانہ صرف ملیریا کی بیماری کے طفیلی جراثیم کو لے جانے والے مچھر ہوں گے۔