یورپی کمیشن نے شہد کی مکھیوں کے لیے نقصان دہ متعدد کیڑے مار دواؤں پر عارضی پابندی عائد کر دی ہیں۔ یہ فیصلہ رکن ریاستوں کے درمیان عدم اتفاق کے بعد سامنے آیا ہے۔
اس حوالے سے برسلز میں پیر کو ووٹنگ ہوئی۔ رکن ریاستیں شہد کی مکھیوں کے لیے نقصان دہ خیال کی جانے والی تین قسم کی کیڑے مار دواؤں پر پابندی کے لیے قانونی مہلت دینے پر عدم اتفاق کا شکار رہیں۔
تاہم بعض ریاستوں کے تحفظات کے باوجود یورپی کمیشن نے پابندی کے اقدامات کی حمایت کرنے والی 15 ریاستوں کے مؤقف کی تائید کی۔
اس فیصلے کے بعد یورپی کمشنر فار ہیلتھ اینڈ کنزیومر پالیسی ٹونیو بورگ نے ایک بیان میں کہا: ’’چونکہ ہماری تجویز شہد کی مکھیوں کی صحت کو درپیش متعدد خطرات کی بنیاد پر ہے، جن کی نشاندہی یورپین فُوڈ سیفٹی اتھارٹی (ای ایف ایس اے) نے کی، کمیشن آئندہ ہفتوں کے دوران اس کے مسودے پر آگے بڑھے گا۔‘‘