کندھ کوٹ میں خسرہ کی بیماری کے باعث مزید دو بچے دم توڑ گئے،سندھ بھر میں اس بیماری سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد ننانوے ہو گئی۔
سندھ کے ضلع شکار پور، جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی اور سکھر کی تحصیل صالح پٹ خسرہ کی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ان میں زیادہ تر وہ علاقے ہیں جہاں ساڑھے تین ماہ سے بارش کا پانی جمع ہے جس سے تعفن پھیل رہا ہے۔ ان علاقوں میں خسرہ میں مبتلا ہوکر اب تک ننانوے بچے انتقال کرچکے ہیں۔ متعدد بچے متاثرہیں۔ بہت سے بچے تو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں تو متعدد ایسے بچے ہیں جنہیں ابھی تک کوئی طبی امداد ہی نہیں ملی۔ محکمہ صحت کی جانب سے اتنی تعداد میں بچوں کی اموات کی تصدیق نہیں کی جارہی،البتہ متاثرہ علاقوں میں ویکسی نیشن کے دعوے کئے جارہے ہیں،اس کے باوجود خسرہ کی بیماری مسلسل پھیل رہی ہے۔