پنجاب، بالائی علاقوں اور کوئٹہ میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری

بالائی علاقوں اور کوئٹہ میں وقفے وقفے سے بارش بالائی علاقوں اور کوئٹہ میں وقفے وقفے سے بارش

جاڑا ملک بھر میں اپنے جوبن پر ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے ۔۔ جبکہ پہاڑوں پر برفباری جاری ہے۔

 

بارش اور برفباری کے بعد کہیں تو موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور شہری لطف اندوز ہو رہے ہیں لیکن کہیں بند راستے ہونے کے کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

سوات کے شہر مینگورہ اور اطراف کے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ وادی کالام اور مالم جبہ میں برفباری کا سلسلہ پھر شروع ہوگیا۔ روئی کے گالوں کی طرح فضا میں اڑتی برف دلکش منظر پیش کر رہی ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں بھی برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچ رہی ہے۔ برفباری دیکھنے کے شوقین افراد کی خوشی قابل دید ہے۔

دیر کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی رم جھم کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری ہو رہی ہے۔ دیر میں دو دن کے دوران 38 ملی میٹر بارش جبکہ لواری ٹاپ، تھل بریکوٹ میں دو فٹ تک برفباری ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ لواری ٹنل کے ذریعے ٹریفک بحال رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔

چارسدہ میں بھی بادل اور بارش کا کھیل جاری ہے۔ وقفے وقفے سے رم جھم کے سبب اکثر علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا ہے۔

گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ اسکردو، استور اور دیامر میں برفباری کے بعد موسم انتہائی سرد ہوگیا۔

install suchtv android app on google app store