ڈیجیٹل اسکرینز سے آنکھوں کو محفوظ رکھنے کے آسان اور کارآمد طریقے

ڈیجیٹل اسکرینز کے استعمال سے آنکھوں کو محفوظ رکھیں فائل فوٹو ڈیجیٹل اسکرینز کے استعمال سے آنکھوں کو محفوظ رکھیں

ڈیجیٹل دور میں موبائل فون اور کمپیوٹر کا استعمال ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بن چکا ہے، لیکن مسلسل اسکرین دیکھنے سے آنکھوں میں جلن، خشکی، دھندلاہٹ، تھکن اور سر درد جیسی شکایات عام ہو جاتی ہیں۔

ماہرینِ صحت کے مطابق آنکھوں پر سب سے زیادہ دباؤ اُس وقت پڑتا ہے جب ہم بغیر وقفے کے اسکرین پر نظریں جمائے رکھتے ہیں۔

یہ صرف آنکھوں تک محدود نہیں رہتا بلکہ بعض اوقات نیند کے مسائل، ذہنی تھکن اور توجہ کی کمی جیسے مسائل بھی پیدا کر دیتا ہے۔

چونکہ تعلیم، تفریح اور کام سبھی اب اسکرینز کے بغیر ناممکن دکھائی دیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آنکھوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ ہم احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

پلک جھپکنا

تحقیق کے مطابق عام حالت میں انسان ایک منٹ میں تقریباً 22 بار پلک جھپکتا ہے لیکن اسکرین کے استعمال کے دوران یہ شرح صرف 7 بار رہ جاتی ہے۔

پلک جھپکانے سے آنکھوں میں نمی برقرار رہتی ہے، نمی کے ساتھ آکسیجن اور ضروری غذائی اجزاء بھی آنکھوں تک پہنچتے ہیں۔

اگر آنکھوں میں خشکی کی شکایت بڑھ جائے تو ڈاکٹر کے مشورے سے خاص آنکھوں کے قطرے استعمال کئے جا سکتے ہیں تاکہ آنکھوں کی نمی برقرار رہے اور بینائی محفوظ رہے۔

20-20-20 کا اصول اپنائیں

ماہرین آنکھوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے ہر 20 منٹ بعد کم از کم 20 فٹ دور موجود کسی شے کو 20 سیکنڈ تک دیکھنے کے اصول کو یاد رکھنے کی ہدایت کرتے ہیں۔

ڈیجیٹل سیٹ اپ میں بہتری

اسکرین استعمال کرتے وقت یہ ضروری ہے کہ موبائل یا لیپ ٹاپ کو 13 سے 20 انچ دور رکھیں اور کمپیوٹر مانیٹر کم از کم 20 انچ کے فاصلے پر ہو۔

اسکرین کی روشنی کمرے کی روشنی کے مطابق رکھیں اور اگر چمک زیادہ ہو تو اینٹی گلیئر فلٹر استعمال کریں یا اسکرین کا زاویہ بدلیں۔

تحریر پڑھنے میں آسانی کے لیے فونٹ بڑا رکھیں اور بیٹھنے کا درست انداز اپنائیں۔ کرسی ایسی ہو کہ کمر کو سہارا ملے، پاؤں زمین پر ہوں اور اسکرین آنکھوں کی سطح سے ذرا نیچے ہو۔

سالانہ آنکھوں کا معائنہ

آنکھوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدہ معائنہ نہایت ضروری ہے۔

امریکی آپٹومیٹرک ایسوسی ایشن کے مطابق ہر بالغ فرد کو سال میں کم از کم ایک بار اپنی آنکھوں کا مکمل معائنہ ضرور کروانا چاہیے۔

 اکثر ایسی بیماریاں جو نظر کو متاثر کرتی ہیں ابتدائی مرحلے میں واضح علامات ظاہر نہیں کرتیں۔

اگر نظر میں کوئی تبدیلی محسوس ہو یا آنکھوں میں مسلسل تکلیف رہے تو فوراً آنکھوں کے ماہرین سے رجوع کرنا چاہیے۔

 

install suchtv android app on google app store